وزیر صحت کا نائٹ پارٹیز اور منشیات سے ایچ آئی وی کے کیسز بڑھنے کا انکشاف

وزیر صحت کا نائٹ پارٹیز اور منشیات سے ایچ آئی وی کے کیسز بڑھنے کا انکشاف

وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ ہماری سوسائٹی میں نوجوانوں میں نائٹ پارٹیز اور منشیات کے استعمال کا رجحان بڑھ رہا ہے اور ایچ آئی وی کے متعدد کیسز ایسے عوامل سے منسلک سامنے آئے ہیں۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کئی بڑے شہروں میں استعمال شدہ سرنجوں، سیکس ورکرز اور نائٹ پارٹیز میں منشیات کے استعمال کے بعد غیر محفوظ جنسی رویوں کے باعث ایچ آئی وی کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، ملک کے تمام بڑے شہروں میں ایچ آئی وی کے مریض سامنے آ رہے ہیں۔

وزیر صحت نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر ایچ آئی وی کے واقعات سے متعلق رپورٹ تیار کی گئی ہے، جس کے بعد متعلقہ اداروں اور حکام کو ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

مصطفیٰ کمال نے بتایا کہ وفاقی حکومت اس معاملے پر صوبائی حکومتوں سے رابطے میں ہے، نشاندہی کی جاتی ہے اور صوبائی حکام کارروائی کرتے ہیں۔

ان کے مطابق اسلام آباد میں آئی ایچ آر اے نگرانی کر رہی ہے، تاہم نائٹ پارٹیز کو کنٹرول کرنا آئی ایچ آر اے کی ذمہ داری نہیں بلکہ یہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے۔

وزیر صحت نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں، ان سے پوچھ گچھ کریں اور اس بات کا خیال رکھیں کہ وہ غلط صحبت یا منفی سرگرمیوں کا حصہ نہ بنیں۔