خلاصہ
- لاہور: (دنیا نیوز) شیخ زاید ہسپتال لاہور نے طبی شعبے میں ایک اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے پنجاب کے پبلک سیکٹر میں پہلی بار روبوٹک طریقے سے گھٹنے کی کامیاب تبدیلی (روبوٹک ٹوٹل نی آرتھروپلاسٹی) انجام دے دی۔
ذرائع کے مطابق اس کامیابی کے ساتھ شیخ زاید ہسپتال جدید روبوٹک ٹیکنالوجی استعمال کرنے والا پہلا سرکاری ہسپتال بن گیا ہے۔
یہ جدید سرجری پروفیسر ڈاکٹر واصف علی شاہ نے RECH International کے اشتراک سے انجام دی، جس کے ذریعے مریض کو عالمی معیار کی محفوظ، مؤثر اور انتہائی درست طبی سہولت فراہم کی گئی۔
اس موقع پر ڈاکٹر محمد حاطف اقبال نے کہا کہ سرکاری شعبے میں جدید طبی ٹیکنالوجی کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ چیئرپرسن پروفیسر ڈاکٹر عائشہ ہمایوں کی قیادت میں شیخ زاید ہسپتال مسلسل جدید طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق روبوٹک سرجری کے ذریعے گھٹنے کی تبدیلی روایتی طریقۂ علاج کے مقابلے میں زیادہ درست، محفوظ اور مؤثر ثابت ہوتی ہے، جس سے مریض کی جلد صحت یابی اور بہتر نتائج کی توقع کی جاتی ہے۔
اس کامیاب آپریشن میں شعبہ آرتھوپیڈکس، اینستھیزیا، ریڈیالوجی اور آپریشن تھیٹر (OT) کی ٹیم نے بھی اہم کردار ادا کیا۔
دوسری جانب شیخ زاید ہسپتال کی یہ کامیابی نہ صرف سرکاری ہسپتالوں دمیں جدید آرتھوپیڈک سرجری کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت ہے بلکہ عوام کو عالمی معیار کا جدید، محفوظ اور معیاری علاج فراہم کرنے کے عزم کا بھی مظہر ہے۔