خلاصہ
- لاہور:(دنیا نیوز) پنجاب کے وزیر صنعت، تجارت و سرمایہ کاری شافع حسین نے فری انڈسٹریل زونز کے لیے نئی صنعتی پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرمایہ کاروں کو چار سالہ پُرکشش لیز، صرف 30 روز میں این او سی، صنعتی مشینری کی درآمد پر صفر فیصد کسٹم ڈیوٹی اور 10 سال تک انکم ٹیکس سے استثنیٰ جیسی خصوصی مراعات فراہم کی جائیں گی۔
لاہور ایکسپو سینٹر میں 11ویں کلر اینڈ کیم ایکسپو 2026 کی افتتاحی تقریب میں شافع حسین نے آرگنائزرز راشد الحق، عبدالرحیم چغتائی اور دیگر مہمانوں کے ہمراہ نمائش کا افتتاح کیا اور مختلف ملکی و غیر ملکی کمپنیوں کے سٹالز کا دورہ بھی کیا۔
اِس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شیخوپورہ، بھلوال اور رحیم یار خان کے صنعتی علاقوں میں سرمایہ کاروں کے لیے خصوصی مراعات رکھی گئی ہیں جب کہ رواں مالی سال کے دوران فارماسیوٹیکل، مصنوعی چمڑا، فوڈ پروسیسنگ، لیتھیم بیٹریز، الیکٹرک بائیکس، ٹائلز اور دیگر شعبوں میں نئی سرمایہ کاری متوقع ہے۔
وزیر تجارت پنجاب کا کہنا تھا کہ کہ چینی کمپنیاں پیداواری لاگت میں اضافے کے باعث پنجاب کا رخ کر رہی ہیں اور جلد ہی صوبے میں نئی فیکٹریاں اور لیتھیم بیٹریوں کے پیداواری یونٹس قائم کیے جائیں گے ان کے مطابق ویوو موبائل کے چِپ فریم مینوفیکچرنگ پلانٹ کا تقریباً 40 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور آئندہ ایک سال میں پیداوار شروع ہونے کی توقع ہے۔

شافع نے کہا کہ حکومت پاکستان کی کیمیکلز انڈسٹری کے فروغ کے لیے جامع پالیسی بھی متعارف کرائے گی، جبکہ صوبے کے 24 چھوٹے صنعتی اسٹیٹس کی ترقی کے لیے فنڈز منظور کیے جا چکے ہیں، آسان تاجر سکیم سے تقریباً 70 فیصد تاجروں نے فائدہ اٹھایا ہے اور بڑے صنعتی اداروں کے لیے 10 کروڑ روپے تک قرضوں کی نئی سکیم بھی جلد متعارف کرائی جائے گی۔
اس موقع پر ایکسپو کے آرگنائزر راشد الحق نے بتایا کہ نمائش میں 350 ملکی و غیر ملکی کمپنیوں نے شرکت کی جہاں سرمایہ کاری، کاروباری روابط اور جوائنٹ وینچر کے نئے مواقع پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فہیم الرحمٰن سہگل نے کاروباری لاگت کم کرنے کے لیے پیٹرولیم لیوی میں کمی کا مطالبہ کیا جب کہ ایف پی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر ثاقب فیاض مگوں نے بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت کو صنعت کے لیے بڑا چیلنج قرار دیا۔
خیال رہے دو روزہ 11ویں کلر اینڈ کیم ایکسپو 2026 اتوار تک جاری رہے گی جہاں صنعتکار، سرمایہ کار اور پالیسی ساز کیمیکلز کی صنعت میں جدید رجحانات، ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلۂ خیال کریں گے۔