صحت
خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے پمز کا دورہ کیا، ڈاکٹرز نے شکایات کے انبار لگا دیئے، پمز ڈاکٹرز نے آئی سی یو میں بیڈز کی کمی کا شکوہ کیا۔
ڈاکٹر نے وزیر صحت مصطفیٰ کمال سے کہا آئی سی یو میں صرف دس بیڈ ہیں، 2023ء میں شکایات درج کرائی ہیں اب تک بیڈ نہیں آئے، آئی سی یو میں آگ بجھانے کے آلات نہیں، ساری چیزیں ناکارہ ہوچکی ہیں، ایمرجنسی میں آگ بجھانے کیلئے سلنڈر استعمال کرتے ہیں، ہمارے پاس سٹاف کی بھی شدید کمی ہے۔
مصطفیٰ کمال پمز کارڈیک شعبے میں پرائیویٹ رومز کی حالت دیکھ کر سٹاف پر برہم ہوگئے، ای ڈی ڈاکٹر سلمان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا آپ کو ہسپتال سمجھنے کیلئے چھ ماہ نہیں ملیں گے، فوری کام کرنا ہوگا، جو کام نہیں کرتا، اسے گھر بھیجیں، روزانہ دس دس کر کے نااہل عملہ فارغ کریں، نااہل عملے کی جگہ قابل افراد کو بھرتی کریں۔
مصطفیٰ کمال نے پمز میں لیبارٹریز سمیت مختلف شعبوں کا معائنہ کیا، مریضوں سے مشکلات اور سہولیات کے حوالے سے سوالات کئے۔