خلاصہ
- کراچی: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ انڈیا کے 9 صوبوں کو 38 کردیا اور ہم 4 پر ہی کھڑے ہیں، نئے صوبوں سے کراچی کے مسائل حل ہوں گے۔
آباد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی پر بحیثیت میئر 300 ارب روپے خرچ کرکے عالمی رینکنگ میں بہتر ہوگیا تھا۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ کراچی کے بلڈرز کے پارٹنر صوبائی وزراء ہیں، دبئی کی پراپرٹی کا ریکارڈ نکالو سب معلوم ہوجائے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستانی افواج نے بھارت کو دھول چٹا کر عالمی تشخص کو بہتر بنادیا، کراچی کے نصیب میں کتے کے کاٹنے سے بچہ مرگیا، گٹر میں گر کر بچہ مرگیا، یہ سانحات ہیں۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ متعارف کرانے کی کوشش میں ناکام ہوگیا، 22 ارب روپے مالیت کا پلان بنایا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ مجموعی طور پر 1156 ارب روپے قومی ہیلتھ سیکٹر میں خرچ ہورہے ہیں، قومی شناختی کارڈ کے نام پر ملک بھر میں صرف 210 ارب روپے میں ہیلتھ کوریج دے سکتا ہوں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ قومی شناختی کارڈ پر ہیلتھ کوریج کے پلان پر کام جاری ہے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ آج کی ایم کیو ایم میں آنے کا راستہ بھی ہے اور جانے کا راستہ بھی ہے، نئے صوبے کی بات پر سابقہ ایم کیو ایم کو بیرونی ایجنڈے سے جوڑ دیا جاتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں ایسا وقت بھی تھا جب 15 ہزار لڑکے اپنے گھر میں سو نہیں سکتے تھے، کراچی میں سابقہ ایم کیو ایم ہوتی تو گل پلازہ سانحے کا الزام عائد ہوچکا ہوتا۔