خلاصہ
- کراچی: (دنیا نیوز) این آئی سی وی ڈی کراچی میں پیچیدہ قلبی سرجری کے ذریعے دل میں پیوست گولی نکال کر 12 سالہ بچے کی جان بچالی گئی۔
بلوچستان کے ضلع خضدار کا 12 سالہ بچہ دل میں گولی لگنے سے شدید زخمی ہوا تھا، زخمی بچے کو انتہائی تشویشناک حالت میں خضدار سے کراچی منتقل کیا گیا۔
این آئی سی وی ڈی پہنچنے پر ایکو کارڈیوگرافی سے دل میں گولی کی موجودگی کی تصدیق ہوئی، دل میں گولی پیوست ہونے کے باعث بچے کی حالت انتہائی تشویشناک تھی۔
این آئی سی وی ڈی کے مطابق گولی کی موجودگی کی تصدیق کے چند ہی منٹ بعد بچے کو ہنگامی آپریشن تھیٹر منتقل کیا گیا۔
— NICVD (@nicvd_karachi) September 5, 2026
پروفیسر سہیل خان بنگش کی سربراہی میں پیچیدہ قلبی سرجری انجام دی گئی، تقریباً دو گھنٹے جاری رہنے والی سرجری میں بچے کے دل سے گولی کامیابی سے نکال لی گئی۔
پیڈیاٹرک کارڈیک سرجن ڈاکٹر سعد بدر بھی سرجیکل ٹیم کا حصہ تھے، ڈاکٹر عبد الستار شیخ، پروفیسر امین خواجہ سمیت ماہرین نے آپریشن میں حصہ لیا۔
کامیاب آپریشن کے بعد 12 سالہ بچے کو انتہائی نگہداشت کے شعبے میں منتقل کردیا گیا، این آئی سی وی ڈی کے مطابق بچہ ماہر طبی ٹیم کی نگرانی میں تیزی سے صحت یاب ہو رہا ہے۔
پروفیسر سہیل خان نے کہا کہ فوری فیصلہ اور مربوط طبی کاوشوں سے بچے کی جان بچانے میں کامیابی ملی۔