آنکھوں کے امراض کی بروقت تشخیص سے بینائی کے نقصان سے بچا جا سکتا ہے: گورنر سندھ

آنکھوں کے امراض کی بروقت تشخیص سے بینائی کے نقصان سے بچا جا سکتا ہے: گورنر سندھ

کیمپ میں آنکھوں کے امراض کی تشخیص، علاج اور احتیاطی تدابیر سے متعلق آگاہی فراہم کی جا رہی ہے، گورنر ہاؤس کے تمام ملازمین کیمپ سے استفادہ کرتے ہوئے اپنی آنکھوں کا بروقت معائنہ اور علاج کرا رہے ہیں۔

سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ آنکھوں کے امراض کی بروقت تشخیص اور علاج سے کئی افراد کو بینائی سے محرومی سے بچایا جا سکتا ہے، آنکھوں کی اصل اہمیت وہی لوگ جانتے ہیں جو بینائی سے محروم ہیں۔

گورنر سندھ نے کہا کہ بینائی کے امراض کے تدارک کے لیے کی جانے والی ہر کوشش کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے۔

گورنر ہاؤس کے باہر احتجاجی کیمپ سے متعلق میڈیا کے سوال پر نہال ہاشمی نے کہا کہ احتجاجی کیمپ عوام کے لیے پریشانی کا باعث نہیں بننا چاہیے، کوئی بھی حکومت نہیں چاہتی کہ عوام کو مشکلات یا اضافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی خواہش ہے کہ عوام کو حتی الامکان کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق سوال پر گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان اپنی پیٹرولیم ضروریات کے لیے عالمی منڈی سے تیل درآمد کرتا ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین میں عالمی مارکیٹ سمیت تمام متعلقہ عوامل کو مدنظر رکھا جاتا ہے۔

ایران اور امریکا کے درمیان جنگ سے متعلق سوال پر سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ رکوانے کے لیے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کوششیں کر رہے ہیں۔

گورنر سندھ نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کا خاتمہ اور امن کا قیام پوری دنیا کے مفاد میں ہے۔