نالے میں گر کر اڑھائی سالہ بچی جاں بحق، لواحقین کا احتجاج

نالے میں گر کر اڑھائی سالہ بچی جاں بحق، لواحقین کا احتجاج

افسوسناک واقعہ سخی پیر تھانے کی حدود پریٹ آباد کے علاقے میں میں پیش آیا جہاں اڑھائی سالہ بچی ہدیٰ کھلے نالے میں گر گئی جس کی سی سی ٹی فوٹیج بھی سامنے آگئی۔

واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج  میں دیکھا جا سکتا ہے کہ  بچی  کھلونا اٹھاتے ہوئے اچانک کھلے نالے میں گر گئی، بچی کی ہلاکت کے بعد علاقہ مکین سراپا احتجاج بن گئے اور پھلیلی روڈ پر شدید احتجاج کرتے ہوئے ٹائر نذرِ آتش کر دیے۔

احتجاج کے باعث پھلیلی روڈ پر ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی جب کہ مظاہرین نے انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ علاقے میں گزشتہ تین ماہ سے سیوریج سسٹم خراب ہے، گندا پانی گھروں میں داخل ہورہا ہے اور نالے اوور فلو ہیں۔

علاقہ مکینوں نے الزام عائد کیا کہ بار بار شکایات کے باوجود انتظامیہ نے مسئلے کے حل کے لیے کوئی مؤثر اقدام نہیں کیا جس کے باعث آج ایک معصوم بچی جان سے ہاتھ دھو بیٹھی۔