خلاصہ
- کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں نومبر 2024 کے بعد پولیو کا کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا، تاہم وائرس کے مکمل خاتمے کے لیے مسلسل نگرانی اور مؤثر حکمت عملی ناگزیر ہے۔
عالمی یومِ انسدادِ پولیو کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ پولیو کے نئے کیسز رپورٹ نہ ہونا اہم پیش رفت ہے۔ اس کامیابی کو برقرار رکھنے کے لیے سخت نگرانی اور مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیو وائرس کی ممکنہ موجودگی کا بروقت پتا لگانے کے لیے ماحولیاتی نمونوں کی جانچ اور زیادہ خطرے والے علاقوں کی نگرانی ضروری ہے۔ وائرس کی ممکنہ موجودگی پر فوری کارروائی اور پولیو مہمات کے معیار کو یقینی بنانا بھی اہم ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے والدین پر زور دیا کہ وہ ہر مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر اپنے تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے ضرور پلوائیں اور مہم کے دوران کوئی بچہ ان قطروں سے محروم نہ رہے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ حکومت، والدین اور معاشرے کے تمام طبقات کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ علمائے کرام، قبائلی عمائدین، اساتذہ اور ذرائع ابلاغ پولیو سے متعلق آگاہی پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔
وزیر اعلیٰ نے پولیو ورکرز کی خدمات کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ دشوار گزار علاقوں میں ان کی کوششیں بچوں کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے ویکسینیشن، مؤثر نگرانی اور عوامی تعاون کی کوششیں مزید تیز کی جائیں گی۔ ہر بچے کو پولیو سے محفوظ اور صحت مند مستقبل فراہم کرنا حکومت کا عزم ہے۔