نندی پاور پراجیکٹ دس سال کیلئے چینی کمپنی کے حوالے

Published On 07 Feb 2017 10:31 AM 

معاہدے کے مطابق وفاقی حکومت تمام ٹیکسوں کی ادائیگی کی پابند ہوگی ، معاہدء کی دستاویزات پر دستخط ہوگئے

اسلام آباد (دنیا نیوز ) نندی پور پراجیکٹ 10 سال کیلئے چینی کمپنی کے حوالے کر دیا گیا ، معاہدے پر دستخط بھی ہوگئے ، معاہدے کے مطابق حکومت تمام وفاقی ٹیکسوں کی ادائیگی کی پابند ہوگی ، تمام مرمت اور پرزہ جات کی فراہمی پیپکو کے ذمے ہوگی ۔ نندی پور پاور پراجیکٹ کو 10 سال کیلئے چینی کمپنی حیپسک کو ٹھیکے پر دے دیا گیا ۔ روزنامہ دنیا کے مطابق معاہدے پر وزارت پانی و بجلی کے جوائنٹ سیکرٹری ظفر اقبال ، جنکو پاور سٹیشن مظفر گڑھ کے سی ای او ندیم ربانی اور چینی کمپنی کے سربراہ اور ان کے دو افسران نے دستخط کئے ۔ معاہدے کے مطابق پاکستانی حکومت ودہولڈنگ ٹیکس سمیت تمام وفاقی ٹیکسوں کی ادائیگی کی پابند ہوگی ۔ 10 سالوں میں ہونے والی تمام مرمت اور پرزہ جات کی فراہمی پیپکو کے ذمے ہوگی ، جبکہ چینی کمپنی کو فرنس آئل ، ہائی سپیڈ آئل اور گیس کی فراہمی بھی پیپکو کے ذمے ہوگی ۔ بجلی کی پیداوار میں تاخیر پر کمپنی کو ہر دن کے حساب سے جرمانہ عائد کیا جاسکتا ہے ۔ روزنامہ دنیا کے مطابق چینی کمپنی جو اشیا پرزہ جات مشینری وغیرہ امپورٹ کرے گی اس کی کسٹم ڈیوٹی ادا کرنے کی پابند ہوگی ، تاہم وفاقی حکومت کسٹم ڈیوٹی میں چھوٹ یا رعایتوں اور اس حوالے سے پرمٹ یا لائسنس کے اجرا میں مکمل تعاون کرے گی ۔ چینی کمپنی جن ملازمین کو برطرف کرے گی ان کو واجبات ادا کرنے کی پابند ہوگی ، حکام کے مطابق دوطرفہ معاہدہ میں قانونی ضابطے کی مکمل پابندی کی گئی ہے ۔ ادھر نندی پور پاور پلانٹ کو نجی کمپنی کو ٹھیکے پر دئیے جانے پر پاور سٹیشن میں تعینات افسران ، ملازمین اور انجینئرز میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ۔