او آئی سی نے مقبوضہ بیت المقدس کو فلسطین کا دارالحکومت قرار دے دیا

Published On 13 Dec 2017 08:15 PM 

ترکی کے شہر استنبول میں او آئی سی کے ہنگامی اجلاس کا اعلامیہ جاری، اسلامی برادری نے مقبوضہ بیت المقدس کو فلسطین کا دارالحکومت قرار دے دیا، عالمی برادری سے تسلیم کرنے کا مطالبہ، صدر ٹرمپ کے فیصلے کی قانونی حیثیت نہیں۔

استنبول: (دنیا نیوز) ترکی کے شہر استنبول میں او آئی سی کا غیرمعمولی اجلاس منعقد ہوا۔ اسلامی برادری فلسطین کے ساتھ کندھا ملا کر کھڑی ہو گئی۔ او آئی سی نے مقبوضہ بیت المقدس کو فلسطین کا دارالحکومت قرار دے دیا۔ اسلامی سربراہی کانفرنس کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔

مسلم ممالک کے سربراہوں نے امریکی فیصلہ مسترد کر دیا۔ عالمی برادری سے بھی مقبوضہ بیت المقدس کو فلسطینی ریاست کا دارالحکومت تسلیم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر کا فیصلہ امن عمل کو جان بوجھ کر نقصان پہنچانے کے مترادف ہے، ڈونلڈ ٹرمپ کے فیصلے سے دہشتگردی اور انتہاء پسندی بڑھے گی۔