گوادر: (دنیا نیوز) وفاقی وزیرِ داخلہ چودھری احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتنے کے لیے کسی سے سرٹیفیکٹ لینے کی ضرورت نہیں ہے۔
گوادر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف بہت کچھ کر چکا، ہمیں دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتنے کے لیے کسی سے سرٹیفیکٹ لینے کی ضرورت نہیں ہے، اب امریکا نا صرف ڈومور کرے بلکہ 30 لاکھ افغانوں کی واپسی کا بندوبست بھی کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ سی پیک نے خطے کی قسمت بدلنی ہے۔ پاکستان اب دہشت گردوں کے نشانے پر نہیں، سرمایہ کاروں کی نظروں میں ہے۔ ایک سوال کا جواب دیتے ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل بھارت گٹھ جوڑ طاقت کا نیا مرکز بنانے کے لیے ہے۔ پاکستان اس سے پریشان نہیں ہے۔ سی پیک کے خلاف بھارت کی سازشیں پکڑی گئی ہیں۔ سی پیک خطے کے تین ارب لوگوں کو فائدہ پہنچا سکتا ہے۔
وزیرِ داخلہ نے کہا کہ چین کی سالانہ درآمدات 1500 ارب ڈالر ہیں۔ پاکستان ستر سال میں 1500 ارب ڈالر کی مارکیٹ میں 15 ارب ڈالر کا حصہ بھی نہیں رکھتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان چین دوستی ہمیشہ سیاست سے پاک رہی، جو رعایت چین کو دی وہ سب کو پیش کی، چین کو سی پیک میں کوئی مخصوص رعایت نہیں مل رہی۔