ظلم و ستم کا شکار دنیا کا مظلوم ترین خطہ آج بھی عالمی برادری کی جانب سے توجہ ملنے کا منتظر ہے ، شاہد خاقان عباسی آزاد کشمیر اسمبلی سے خطاب کریں گے
مظفر آباد (دنیا نیوز ) سلگتی جنت آج بھی دنیا کی توجہ کی منتظر ہے، آج پاکستان میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے، ملک بھر میں تقریبات اور ریلیاں نکالی جائیں گی، وزیراعظم شاہد خاقان آزاد کشمیر اسمبلی میں بھارت کو پیغام دیں گے، نواز شریف اور مریم بھی مظفر آباد میں جلسے سے خطاب کریں گے۔ جنت ارضی بھارتی فوج کے ناپاک قدموں سے دوزخ میں تبدیل ہوچکی ہے۔ قابض فورسز کے مظالم سے چناروں کی سرزمین سلگنے لگی۔ پانچ فروری تجدید عہد کا دن ہے، ہر سمت ظلم و ستم ہے، ہر سمت صف ماتم ہے، جنت نظیر اس وادی میں کب یہ ظلم کی شام ڈھلے گی ۔
دنیا کا مظلوم ترین خطہ آج بھی عالمی برادری کی توجہ کا طلب گار ہے۔ بھارت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کے بجائے مقبوضہ وادی کو موت کی وادی بنا دیا۔ کشمیر میں انسانی المیہ عالمی اداروں کی کارکردگی پر بدنما داغ ہے۔ ملک بھر میں آج یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے۔ شہرشہر ریلیاں نکالی جائیں گی ، پاکستان اور آزاد کشمیر کو ملانے والے پلوں پر انسانی زنجیر بنائی جائیں گی، وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی سے خطاب کریں گے،
حکمران جماعت ن لیگ بھی اظہار یکجہتی کیلئے مظفر آباد میں جلسہ کرے گی جس سے نواز شریف اور مریم خطاب کریں گے۔ آزاد کشمیر میں بھی مقبوضہ وادی کے عوام کے حق میں جلسے جلوس اور ریلیاں نکال جائیں گی۔ برطانیہ سمیت یورپی ممالک میں بھی پاکستانی اور کشمیری عالمی دنیا کی توجہ بھارتی مظالم پر کرائیں گے۔