پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے لئے سکالرشپس

پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے لئے سکالرشپس

پاکستان میں بھی ایسے افرد اور ادارے موجود ہیں جو غریب طلبہ کو ضرورت اور باقی معاشرے کے افراد کو ٹیلنٹ کی بنیاد پر بیش قیمت اور بیش بہا تعلیمی وظائف دے رہے ہیں۔ اس سلسلے میں سرکاری اور غیر سرکاری سطح پر بہت ہی اچھے طریقے سے مستحق طلبہ وطالبات کی نہ صرف مالی مدد کی جا رہی ہے بلکہ ان کو اپنے پاﺅں پر کھڑا ہونے کے لئے ہر طرح کی سہولتیں بھی دی جا رہی ہیں۔

پنجاب ایجوکیشنل انڈاﺅمنٹ فنڈ

پنجاب کی حکومت نے اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے یہ ادارہ قائم کیا ہے جو نہ صرف ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کے لئے سکالرشپس دیتا ہے بلکہ دنیا کی اعلیٰ ترین یونیورسٹیوں میں ریسرچ کے لئے بھی فنڈز فراہم کرتا ہے۔

دنیا کی اعلیٰ ترین یونیورسٹیوں میں داخلہ حاصل کرنا آپ کا کام ہے اور اس کے لئے درکار فنڈز فراہم کرنا اس ادرے کا کام ہے۔ لیکن اس کے لئے آپ کو بھرپور منصوبہ بندی کرنا ہو گی اور وقت پر نہ صرف اپنا دنیا کی ٹاپ یونیورسٹیوں میں داخلہ لینا ہو گا بلکہ اس ادارے سے بھی اپنی فنڈنگ کی درخواست دینا ہو گی لیکن کامیابی کی صورت میں نہ صرف شاندار تعلیمی ڈگری آپ کا مقدر ہو گی بلکہ دنیا بھر میں آپ پاکستان کا نام بھی روشن کر سکیں گے۔

تمام معلومات اس ادارے کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں، جو طلبہ دنیا کی اعلیٰ یونیورسٹیوں میں بیرون ملک جا کر تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں، ان کے لئے یہ سنہری موقع ہے۔ کہ وہ فورا اپلائی کرکے شاندار مستقبل بنائیں۔

ہاشو فاﺅنڈیشن سکالرشپ

ان سکالرشپس کا مقصد بھی مستحق سٹوڈنٹس کو اپنی تعلیم مکمل کرنے میں مدد دینا ہے۔ اس سکالرشپ کو دیتے وقت زیادہ توجہ ان سٹوڈنٹس پر دی جاتی ہے جو کوئی ٹیکنکل یعنی فنی یا عملی نوعیت کی کوئی ڈگری یا ڈپلومہ کر رہے ہوں اور معاشی طور پر بھی کچھ زیادہ مستحکم نہ ہوں۔

اگر آپ فوری روزگار فراہم کرنے والی کسی اچھی ڈگری یا ڈپلومہ کے طالب علم ہیں تو اس سکالرشپ کے فوری درخواست دیں تا کہ آپ مالی مشکلات سے چھٹکارا حاصل کر سکیں اور بے فکری سے اپنی تمام توجہ اپنی تعلیم پر مرکوز کر سکیں۔

یہ سکالرشپ ۵۰ فیصد امداد اور ۵۰ فیصد قرض کی صورت میں دیے جاتے ہیں۔ اس میں طالب علم کو انڈر گریجوایٹ اور گاریجویٹ کورسز کے لئے وظائف مہیا کئے جاتے ہیں۔

یہ میرٹ اور ضرورت دونوں کی بنیاد پر دیے جاتے ہیں۔ اس سکالرشپ میں درخواست دینے کے لئے لازمی ہے کہ آپ نے اپنی پچھلی تعلیمی قابلیت میں کم از کم ۷۵ فیصد نمبر حاصل کئے ہوں۔ درخواست فارم ادارے کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔

نیشنل بینک سٹوڈنٹس لون سکیم

نیشنل بینک بھی اُن طالب علموں کو جو کوئی اچھی ڈگری یا ڈپلومہ کر رہے ہوں اور مالی طور پر مشکلات میں گھرے ہوں بہت ہی آسان شرائط پر قرضہ کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ جسے تعلیم مکمل کرنے کے بعد آپ کو آسان اقساط میں واپس کرنا ہوتا ہے۔

یہ قرضہ بیچلرز، ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کے لئے آفر کئے جاتے ہیں اور کالج یونیورسٹی کی فیسوں اور ٹیکسٹ بکس کے لئے ہوتے ہیں۔ اس میں سارے مضامین کے لئے بہت ہی کم مارک اپ پر قرضہ دیا جاتا ہے۔

بس آپ کو ان کی ویب سائٹ سے درخواست فارم مکمل کر کے دینا ہو گا۔ خوددار اور پُر اعتماد طلبہ جن کو اپنی صلاحیتوں پر اعتماد ہو وُہ اس سکیم سے فائد اٹھا سکتے ہیں کہ وُہ کسی کا بھی احسان لئے بغیر اپنی تعلیم مکمل کریں اور اس کے بعد قرض واپس کر دیں۔

فوجی فاﺅنڈیشن سکالرشپ

اگر آپ پاکستان کی مسلح افواج میں ملک و قوم کے لئے اعلیٰ خدمات دینے والے عظیم لوگوں کی اولاد ہیں یعنی آپ کا تعلق فوجی گھرانے سے ہے تو آپ کے لئے فوجی فاﺅنڈیشن سکالرشپس دستیاب ہیں جو مالی ضرورت اور ٹیلنٹ کی بنیاد پر آفر کئے جاتے ہیں۔

یہ سکالرشپس پانچویں جماعت سے لے کر پی ایچ ڈی تک کے لئے دیے جا رہے ہیں۔ ان سکالرشپس کی مدد سے آپ پاکستانی کی کسی بھی اچھی تعلیمی درسگاہ یعنی سکول کالج یونیورسٹی اور تعلیمی ادارے میں بنیادی سے لے کر اعلیٰ تعلیم کسی بھی مالی مشکل کے بغیر مکمل کر سکتے ہیں۔

بس دیے گئے طریقہ کار اور ڈیڈ لائن کے مطابق درخواست دیں لیکن یاد رہے کہ آپ کے ساٹھ فیصد نمبر ہونا لازمی ہیں۔ وظیفہ فارم ادارے کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں، ذرا محنت سے اپلائی کریں انشااللہ کامیابی ضرور آپ کے قدم چومے گی۔

آئی بی اے کراچی ٹیلنٹ ہنٹ سکیم

انسٹییوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کراچی وُہ ادارہ ہے جو اپنی بزنس کے شعبے میں اپنی معیاری تعلیم کی وجہ سے پورے پاکستان میں ممتاز مقام رکھتا ہے اور کسی تعارف کا محتاج نہیں ہے۔ اگر آپ بزنس سٹڈیز میں بیچلر یا ماسٹرز کی ڈگری کرنا چاہتے ہیں تو ٹیلنٹ ہنٹ سکیم میں ضرور کوشش کریں کیوں کہ صرف ایک امتحان میں اچھے نمبر لینے سے آپ شاندار مستقبل بنا سکتے ہیں اور آپ کی تعلیم کا تمام خرچہ بھی آئی بی اے کراچی برداشت کرے گا۔

آئی بی اے کراچی نے اس مقصد کے لئے الگ سے ایک فنانشل سسٹینس کا دفتر بنا رکھا ہے۔ بس آپ اس ادارے کو اپنی ذہانت کا ثبوت اعلیٰ نمبروں اور گریڈز کے ذریعے دیجیے۔ آئی بی اے آپ کو اچھی تعلیم کے لئے مناسب مالی مدد بھی فراہم کرے گا۔ چاہے یہ مکمل سکالرشپ کی مد میں ہو یا پھر ضرورت کی بنیاد پر مالی معاونت، آپ آئی بی کو اعلیٰ تعلیم کے سفر میں اپنا ہم قدم پائیں گے۔

ہمدرد فاﺅنڈیشن سکالر شپس

یہ سکالرشپس پاکستان کے عظیم محسن حکیم محمد سعید کی یاد میں دئےے جاتے ہیں جن کا واحد مقصد یہ ہے کہ پاکستان میں علم کی روشنی کو عام کیا جائے۔ ان سکالر شپس کے لئے لازم ہے کہ طالب علم نے اچھے نمبروں سے میٹرک یا انٹر پاس کیا ہو۔یہ سکالر شپس میرٹ اور ضرورت دونوں کو مدنظر رکھتے ہوئے دیے جاتے ہیں۔

میٹرک کے سٹوڈنٹس کو یہ پچیس ہزار سالانہ اور انٹر کے سٹوڈنس کو پچاس ہزار سالانہ کی صورت میں دیئے جاتے ہیں تا کہ طالب علم اپنی اگلی تعلیمی ڈگری آسانی سے مکمل کر سکیں۔ اس سکالرشپ کے لئے بھی مجوزہ درخواست فارم ادارے کی ویب سائٹ پر بہ آسانی دستیاب ہیں۔

کیمیکلز انڈسٹریز ٹیلنٹ سکالر شپ

یہ سکالرشپ کیمسٹری، کمپوٹر سائنس، میڈیکل اور انجینئرنگ کے شعبوں میں دیے جاتے ہیں۔ اس میں درخواست دینے کے لئے لازمی ہے کہ آپ نے ۷۰ فیصد نمبر حاصل کئے ہوں۔

فیصل آباد اور اس کے گردونواح کی یونیورسٹیوں اور تعلیمی اداروں میں یہ وظائف دیے جاتے ہیں۔ بس آپ اپنے ادارے کی ویب سائٹ یا مقامی فوٹو سٹیٹ کی دکان سے فارم لے کر اپنے ادرے کے سٹوڈنٹ فنانشل ایڈ آفس سے ضرور رابطہ کریں، وُہ اس سلسلے میں آپ کی بہت مدد کر سکتے ہیں۔

گورمانی فاﺅنڈیشن سکالرشپ

یہ سکالرشپس نواب مشتاق احمد گورمانی کی یاد میں دیے جاتے ہیں۔ یہ انٹر، بی اے اور ماسٹرز کی تعلیم کے لئے ضرورت اور میرٹ دونوں کو مدِنظر رکھ کر دیے جاتے ہیں۔ اس کے لئے آپ کو ان کے دفتر میں درخواست دینا ہوتی ہے جو انٹرنیٹ پر باآسانی دستیاب ہے۔

ادارہ تحقیق کے بعد حقیقی ضرورت مندوں مگر ذہین طلبہ کو وظائف دیتا ہے جن کی مالیت ڈگری کورس میں فیسوں اور اخراجات کو مدِنظر رکھ کر طے کی جاتی ہے اور اس میں سٹوڈنٹ کا بہ آسانی اچھا گذارہ ہو جاتا ہے۔

فضائیہ فاﺅنڈیشن سکالرشپ

ان وظائف میں پاکستان فضائیہ سے تعلق رکھنے والے لوگ ہی درخواست دے سکتے ہیں۔ یہ سکالرشپس بیچلرز اور ماسٹرز کی ڈگری کسی بھی مضمون میں مکمل کرنے کے لئے دیے جاتے ہیں۔ ان کو دیتے ہوئے ضرورت اور میرٹ دونوں کو مدنظررکھا جاتا ہے۔ اپنے متعلقہ ہیڈ کوراٹرز میں دسمبر کے مہنے میں مطلوبہ فارم پر درخواست دینا لازمی ہے تاکہ آپ اپنے تعلیمی اخراجات میں ایئر فورس سے مدد لے سکیں۔

کاروانِ علم فاﺅنڈیشن سکالرشپ

پاکستان میں کاروانِ علم فاﺅنڈیشن نے تعلیمی میدان میں غریب اور مستحق سٹوڈنٹس کی مالی معاونت کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ اگر آپ نے اچھے مارکس حاصل کر رکھے ہیں اور کسی بھی مضمون یا ڈگری میں کسی اچھے پاکستانی ادارے میں زیرِ تعلیم ہیں اور مالی مشکلات کا شکار ہیں تو فوری طور پر اس ادارے میں درخواست دیں جو مکمل تصدیق کر کے آپ کو آپ کی تعلیمی ڈگری کے دورانیے کے لئے سکالر شپ آفر کر دے گا۔

لمز این او پی پروگرام

لمز کا شمار پاکستان کے ممتاز تعلیمی اداروں میں ہوتا ہے۔ اس این او پی پروگرام کے ذریعے پورے پاکستان سے سے طلباء جنہوں نے حال ہی میں انٹر میڈیٹ ےعنی ایف ایس سی مکمل کی ہو اور لمز میں داخلے کے خواہشمند ہوں لیکن افورڈ نہ کر سکتے ہوں، کو لمز میں بلایا جاتا ہے اور ان کو ایک امتحان پاس کرنا ہوتا ہے جس کے بعد وُہ اس سکالر شپ کے لئے اپلائی کر سکتے ہیں۔ اس سکالرشپ کو جیتنے کے لئے اچھے نمبروں کے ساتھ اچھی انگلش آنا بھی ضروری ہے۔ لیکن اس سکا لر شپ کو جیت جانے کی صورت میں طالب علم کی ساری تعلیم مفت ہو جاتی ہے جس پر دوسر ی صورت میں لاکھوں روپے خرچ ہوتے ہیں۔