لاہور: ( روزنامہ دنیا ) عسکری و خارجہ امور کے ماہرین نے عمران خان کی تقریر پر کہا ہے کہ عمران خان کا ایجنڈا درست، کئی ممالک کو پریشانی ہو گی، بھارت اور کئی ممالک کی نیندیں حرام ہوگئیں، لیکن لگتا ہے کہ اگر اپوزیشن نے دھاندلی سے متعلق معاملہ کھڑا کر دیا تو تحریک ابھر سکتی ہے، ابھی بہت سے مراحل باقی ہیں۔
روزنامہ دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے جنرل (ر) اسلم بیگ نے کہا کہ عمران خان کی جانب سے یہ باتیں درست ہیں لیکن قبل از وقت ہیں، دیکھنا ہو گا کہ اپوزیشن کیا کرتی ہے، ابھی تو اپوزیشن دھاندلی کی باتیں کر رہی ہے، اگر ایسا ہی رہا تو وہ حالات بھی پیدا ہو سکتے ہیں جو ماضی میں ہوئے تھے۔
جنرل (ر) طلعت مسعود کا کہنا ہے کہ عمران خان کا فوکس ٹھیک ہے، بیرون ممالک سے تعلقات بہتر ہوں گے تو معاملات خود بخود بہت حد تک بہتر ہو جائیں گے، دیکھنا ہوگا سکیورٹی فورسز کیساتھ سوچ میں کیسے ہم آہنگی آتی ہے۔
خارجہ امور کے ماہر اور بھارت میں تعینات سابق پاکستانی سفیر عبدالباسط کا کہنا ہے کہ عمران خان کی تقریر نے یہ واضح کر دیا کہ عمران خان ایک جماعت کے ہی نہیں بلکہ پورے پاکستان کے وزیر اعظم بن کر کام کریں گے، انہوں نے جو چین، بھارت اور ہندوستان سے متعلق باتیں کی ہیں وہ بالکل درست ہیں، انکا اعتماد بھی قابل ذکر ہے، امید ہے کہ پاکستان کے لئے اچھے ثابت ہوں گے۔
ڈاکٹر ماریہ سلطان کا کہنا ہے کہ عمران خان نے باتیں ٹھیک کی ہیں، ملک کو بہت سارے چیلنجز پیش ہیں، آئی ایم ایف کے ساتھ بہت باتیں ہو ں گی، دیکھنا ہوگا کس طرح پاکستان کے مفادات کا دفاع کرتے ہیں، اس میں کوئی شک نہیں کہ افغانستا ن سے بہتر تعلقات چاہتے ہیں، بھارت لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتا رہتا ہے، اس پر دو ٹوک اور واضح پالیسی اختیار کرنی چاہیے، خارجہ پالیسی کے معاملات پر موثر حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی، زمینی حقائق کو دیکھتے ہوئے پالیسیاں اور حکمت عملی بنائی جاتی ہے۔