اصغر خان کیس: کابینہ کے فیصلے پر عملدرآمد رپورٹ ایک ماہ میں طلب

Last Updated On 15 August,2018 06:38 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اصغر خان کیس میں سپریم کورٹ نے کابینہ کے فیصلے پر عملدرآمد سے متعلق رپورٹ ایک ماہ میں طلب کر لی۔ عدالت کا کہنا ہے کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں، حکم پر عملدرآمد نہ ہوا تو وزارتِ دفاع کے بجائے ملٹری اتھارٹی کو طلب کریں گے۔

اصغرخان عملدرآمد کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے استفسار کیا کہ فوجی افسران کا ٹرائل ملٹری کورٹ میں ہونے سے متعلق فیصلے پر اب تک عملدر آمد کیوں نہیں ہوا؟ وزارتِ دفاع کے نمائندے نے عدالت کو بتایا کہ وزارتِ داخلہ کی جانب سے سمری ہی موصول نہیں ہوئی، عدالت تفصیلی رپورٹ کیلئے چار ہفتوں کا وقت دے۔

فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے ڈائریکٹر جنرل نے بتایا کہ میر ظفر اللہ جمالی سے ٹیلی فون پر بات ہوئی تھی، انہوں نے رقم لینے کی تردید کی ہے، میر حاصل بزنجو اور ہمایوں مری الیکشن میں مصروف تھے، اب پیش ہونگے۔

سپریم کورٹ نے وزارتِ دفاع کی استدعا منظور کرتے ہوئے مزید سماعت پندرہ ستمبر تک ملتوی کر دی۔