راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ملکی ترقی، امن اور استحکام کے لیے تمام اداروں کی حمایت جاری رکھیں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں علاقائی سیکیورٹی، مشرقی، مغربی سرحدوں کی صورتحال، دہشتگردی کے خاتمے کے اقدامات اور استحکام کے لیے جاری آپریشنز کا بھی جائزہ لیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں دہشتگردی کے خاتمے کے لیے مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا جبکہ افغانستان کے امن عمل میں تمام سٹیک ہولڈرز کی شمولیت پر امید کا اظہار کیا گیا۔
آرمی چیف نے کور کمانڈرز کانفرنس سے خطاب میں اس عزم کا اظہار کیا کہ قوم اور عوام کے بہترین مفاد، ترقی، امن اور استحکام کے لیے تمام اداروں کی حمایت جاری رکھیں گے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے علاقائی تعاون ضروری ہے، افغانستان میں قیام امن کے لیے تمام فریقین کی حمایت کی جائے گی۔