کوئٹہ: حلقہ پی بی 26 میں ضمنی انتخاب 31 دسمبر کو ہونگے

Last Updated On 13 December,2018 10:14 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن کی جانب سے الیکشن کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں جبکہ سیکیورٹی کے لیے پولیس اور ایف سی خدمات انجام دینگے۔

صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان نیاز احمد بلوچ کے مطابق بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 26 کوئٹہ تھری میں ضمنی انتخاب کے لئے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئیں ہیں۔

پولنگ صبح 8 سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہیگی۔ الیکشن کے لئے 49 پولنگ سٹیشنز میں 28 مردوں کے، 19 خواتین کے اور 2 مشترکہ پولنگ سٹیشنز جبکہ 172 پولنگ بوتھ میں 103 مردوں اور 69 خواتین کے ہونگے۔

پی بی 26 کوئٹہ کے تمام پولنگ سٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ پی بی 26 کوئٹہ تھری میں میں 57 ہزار 6 سو 75 ووٹرز میں 35 ہزار 3 سو 38 مرد اور 22 ہزار 3 سو 37 خواتین ووٹرز رجسٹرڈ ہیں جبکہ انتخاب میں 18 امیدوار میدان میں ہیں۔

پی بی 26 کی نشست 25 جولائی کے انتخابات میں کامیاب ہونیوالے ہزارہ ڈیمو کریٹک پارٹی کے احمد کوہزاد کو پاکستانی شہریت کے معاملے پر عدالت کی جانب سے انتخابات کالعدم قرار دیے جانے کے بعد اس حلقے میں انتخابات دوبارہ منعقد کیے جا رہے ہیں۔