اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) نئی انتخابی اصلاحات میں الیکشن کمیشن نے نو منتخب رکن اسمبلی کے لیے حلف اٹھانے کی مدت مقرر کرنے کے حوالے سے سفارش کا فیصلہ کیا ہے۔
انتہائی باوثوق ذرائع نے روزنامہ دنیا کو بتایا کہ کامیاب رکن کے لیے حلف اٹھانے کی مدت کا تعین نہ ہونے کی وجہ سے کئی حلقوں کے عوام نمائندگی سے محروم رہ جاتے ہیں۔ پی پی 10 پنجاب سے رکن اسمبلی منتخب ہونے والے سابق وزیر داخلہ چودھری نثار نے پانچ ماہ گزر جانے کے باوجود حلف نہیں اٹھایا۔ قانون میں اسی سقم کے باعث پی پی 10 حلقہ کے عوام نمائندگی سے محروم ہیں۔
الیکشن کمیشن کے حکام کا کہنا تھا کہ کوئی بھی نو متخب رکن حلف اٹھانے کے بغیر رکن اسمبلی تصور نہیں کیا جاسکتا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے تشکیل کردہ لیگل فریم ورک کمیٹی آئندہ اصلاحات میں اس سقم کو دور کرنے کے لیے اپنی سفارشات تیار کرے گی۔