اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایل او سی کی خلاف ورزی پر اپوزیشن نے پارلیمنٹ کا مشترکا اجلاس بلانے کا مطالبہ کر دیا۔ انہوں نے کہا بھارت پاکستان پر حملے کا سوچ رہا ہے، ہم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، اپوزیشن بارڈ ر پر کھڑے ہونے کیلئے تیار ہے۔
پیپلزپارٹی رہنما خورشید شاہ نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا حکومت بھارتی دخل اندازی کو سنجیدگی سے دیکھے، بھارت کی طرف سے سرحد کی خلاف ورزی وارننگ ہے۔ انہوں نے کہا ہم حالت جنگ میں آگئے ہیں، پارلیمنٹ بیٹھے اور فیصلہ کرے، ہمیں ایک قوم بن کر دکھانا ہوگا، ہم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، بھارتی وزیراعظم پاکستان کو انتخابات کیلئے آلہ کار بنانا چاہتا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج ہی شام 4 بجے بلایا جائے، سیاسی اختلافات کے باوجود پاکستان کیلئے ہم سب ایک ہیں، ہمیں ہاؤس کے پیچھے سیسہ پلائی دیوارکی طرح کھڑا ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کل وزیر نے بیان دیا 2 سے 3 روز میں بھارت سے خوشخبری آئے گی، آج بھارت کی طرف سے یہ خوشخبری آگئی، قومی سلامتی اور علاقائی سالمیت پر ہم سب متحد ہیں، کشمیریوں کا خون ہو رہا ہے اور او آئی سی میں بھارت کو بلاتے ہیں ؟۔
یاد رہے بھارتی طیاروں کی مظفر آباد سیکٹر میں دراندازی کی کوشش پر شاہینوں کے فضا میں بلند ہوتے ہی بزدل بھارتی طیارے بدحواسی کے عالم میں بالاکوٹ کے قریب ہتھیار پھینک کر بھاگ گئے۔