بھارت کی جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیاں جاری، پاک فوج ہائی الرٹ

بھارت کی جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیاں جاری، پاک فوج ہائی الرٹ

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ بھارت کی شہری آبادی پر گولہ باری سے 4 شہری شہید اور 2 زخمی ہوئے۔ جوابی کارروائیوں میں بھارتی افواج کی ہلاکتوں اور چیک پوسٹیں تباہ ہوئیں۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر قسم کے حالات سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔ عوام بھی سوشل میڈیا پر سرگرم افواہ ساز فیکٹریوں سے ہوشیار ہیں۔ گزارش ہے کہ سوشل میڈیا کے استعمال میں ذمہ داری کا ثبوت دیا جائے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت نے 24 گھنٹوں میں کنٹرول لائن پر معاہدہ جنگ بندی کی متعدد خلاف ورزیاں کیں۔ پاک فوج کے جوانوں نے ان سیکٹرز میں دشمن کو موثر جواب دیا۔ بھارتی فوج نے کوٹلی، کہوئی رٹہ اور تتہ پانی سیکٹر میں شدید گولہ باری کی۔

آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ بھارتی جارحیت کا جواب دینے کے لیے فضائیہ اور بحریہ بھی چوکس ہیں۔ موجودہ صورتحال میں کنٹرول لائن پر تعینات فوجی ہائی الرٹ ہیں۔ پاکستان ایئر فورس اور نیوی بھی پوری طرح الرٹ ہے۔ پاکستان کی مشرقی سرحد پر تمام حفاظتی اقدامات مکمل ہیں۔کسی بھی جارحیت سے نمٹنے کے لئے مکمل طور پر تیار ہیں۔