پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے بی آر ٹی منصوبے کی تکمیل میں تاخیر کی انکوائری کی ہدایت کر دی ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے صوبائی انسپکشن ٹیم کو جلد از جلد ذمہ داریوں کا تعین کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بی آر ٹی کا منصوبہ غریب عوام کے لئے شروع کیا گیا تھا تاکہ پشاور میں عوام کو درپیش ٹریفک کے دیرینہ مسائل کا دیر پا حل ممکن ہو سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ منصوبے میں تاخیر کی وجہ سے عام آدمی کو تکالیف کا سامنا ہے، جس پروہ مزید خاموش نہیں رہیں گے، آئے روز نئی تاریخیں لینے کا سلسلہ اب ختم ہونا چاہئیے اور منصوبے کو جلد مکمل کیا جائے۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ نہ صرف منصوبے کی تکمیل یقینی بنائی جائے بلکہ اس کا معیار بھی یقینی ہونا چاہیئے۔ صوبائی حکومت غریب کی فلاح کے حامل منصوبے کے معیار پر سمجھوتہ نہیں کرے گی۔
وزیراعلیٰ نے ذمہ داران پر واضح کیا کہ وہ منصوبے کی تکمیل کے حوالے سے اب حکومت کی طرف سے کسی قسم کی نرمی اور وقت میں توسیع کی توقع نہ رکھیں۔