اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنماؤں نے ٹیکس ایمنسٹی سکیم کی منظوری کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان وہی سب کررہے ہیں جس پر ماضی میں تنقید کرتے تھے۔
پیپلز پارٹی کی رہنما سینیٹر شیری رحمان نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کہا جاتا تھا کہ ایمنسٹی سکیم چوروں اور ڈاکوؤں کے لئے ہوتی ہے۔ بتایا جائے کہ اب اس ایمنسٹی سکیم کا فائدہ کس کو ہوگا؟
شیری رحمان نے سوال اٹھایا کہ ایمنسٹی سکیم پر صرف اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لیا گیا۔ نیت صاف ہے تو صرف اتحادیوں کو ہی کیوں اعتماد میں لیا جا رہا ہے؟
انہوں نے کہا کہ حکومت ہر معاملے پر پارلیمنٹ سے دور کیوں بھاگ رہی ہے؟ وزیراعظم عمران خان پارلیمنٹ سے کیوں منہ چھپا رہے ہیں؟
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان اپنے ہی دعوؤں کے برعکس اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ موجودہ حکومت کا حالیہ اقدام منافقت کی بدترین مثال ہے۔
دوسری جانب خورشید شاہ نے کہا کہ عمران خان بتائیں اب کون سے چور اور ڈاکوؤں کیلئے سکیم لا رہے ہیں؟ آئی ایم ایف معاہدے کا اعلان پارلیمنٹ میں ہونا چاہیے تھا۔
خورشید شاہ کا کہنا تھا وزیراعظم ایوان میں آئے اور خاموشی سے چلے گئے، اس مسئلے پر کوئی بات نہیں کی، انھیں آئی ایم ایف معاہدے سے متعلق بات کرنی چاہیے تھی۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 50 فیصد اضافہ کیا جائے کیونکہ 2012ء کے بعد سے اس میں مناسب اضافہ نہیں ہوا۔