دفتر خارجہ نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کی تصدیق کر دی

Last Updated On 10 July,2019 05:06 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) دفتر خارجہ نے وزیراعظم عمران خان کا دورہ امریکا کی تصدیق کر دی۔ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا وزیراعظم کے دورے سے متعلق قیاس آرائیاں نہ کی جائیں، پاکستان امریکا کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے، طریقہ کار کے تحت مناسب وقت پر دورے کا اعلان کیا جاتا ہے۔

اس سے قبل ترجمان امریکی وزارت خارجہ نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے دورہ امریکہ سے لا علمی کا اظہار کیا۔ ترجمان امریکی محکمہ خارجہ مورگن اورٹیز نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا علم نہیں کہ وزیراعظم عمران خان اس ماہ امریکہ کا دورہ کر رہے ہیں، وائٹ ہائوس ہی تصدیق کر سکتا ہے، ہمیں کوئی اطلاع نہیں ملی، وائٹ ہاؤس سے رابطے کے بعد آگاہ کروں گی۔ ترجمان نے کہا عمران خان کے دورے کا سنا ضرور ہے لیکن سرکاری طور پر نہیں بتایا گیا۔

ادھر وائٹ ہاؤس کے ذرائع نے کہا ہے کہ عمران خان کے دورے کے بارے میں کوئی بیان آج جاری کیا جائے گا۔ امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق وزیر اعظم عمران خان امریکہ کا دورہ کریں گے اور امریکی صدر ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔

دوسری طرف وزیر اعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کو اہم قرار دیا۔ واشنگٹن میں تقریب سے خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پاکستان اور امریکا کے تعلقات ہمیشہ بہت اچھے رہے ہیں، ہم چاہتے ہیں معاملات مزید بہتر ہوں۔ زلفی بخاری نے کہا عمران خان پاکستان کو کرپشن فری معاشرہ بنانا چاہتے ہیں، حکومت اوورسیز پاکستانیوں کی فلاح و بہود کیلئے بہترین کام کرے گی۔