لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب نے راولپنڈی میں ڈینگی کے مریضوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ ڈینگی کے مرض پر قابو پانے کے لئے فیلڈ میں عملی اقدامات واضح طور پر نظر آنے چاہیے۔
وزیر اعلی نے سیکرٹری صحت سے ڈینگی کے مرض پر کنٹرول کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں رپورٹ طلب کر لی۔ وزیر اعلی نے کہا کہ انسداد ڈینگی کیلئے انتظامی افسران واضح کردہ ایس او پی پر عملدرآمد یقینی بنائیں، ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس پر خصوصی توجہ دی جائے، کھڑے پانی کا جلد سے جلد نکاس یقینی بنایا جائے، ضرورت پڑنے پر سپرے کا استعمال کیا جائے۔
سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا انسداد ڈینگی کیلئے کئے جانے والے اقدامات میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، جہاں کوتاہی ہوئی ایکشن ہو گا، ڈینگی کے مریضوں کے علاج معالجے پر پوری توجہ ہونی چاہیے، مریضوں کی مکمل دیکھ بھال کی جائے، ڈینگی سے بچاؤ کیلئے موثر آگہی مہم بھی چلائی جائے۔