عالمی برادری کا کشمیر میں محاصرہ ختم کرنے کے مطالبہ، وزیراعظم کا خیرمقدم

Last Updated On 09 September,2019 11:53 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عالمی برادری کے کشمیر میں محاصرہ ختم کرنے کے مطالبے کا خیر مقدم کرتا ہوں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر عالمی برادری کی تشویش کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ وزیراعظم نے عالمی برادری سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کے لیے کمیشن کا مطالبہ کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنے ٹویٹر پیغام میں عالمی رہنماؤں کے مقبوضہ کشمیر سے متعلق بیان اور بھارت سے مقبوضہ کشمیر میں جاری کرفیو کے خاتمے کے مطالبے کو خوش آئند قرار دیا۔

عمران خان نے کہا کہ عالمی برداری کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے مظالم اور بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے لاتعلق نہیں رہنا چاہیے۔

 

وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے مطالبہ کیا کہ اب عمل کا وقت آگیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کے لیے فوری طور پر غیر جانبدار انکوائری کمیشن بنایا جائے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ خود اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے اپنی گزشتہ 2 رپورٹس میں ایسا تحقیقاتی کمیشن بنانے کی سفارش کی تھی۔