نیویارک: (دنیا نیوز) شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مودی کے مکروہ عزائم دنیا کے سامنے بے نقاب ہو رہے ہیں، ٹرمپ کے ساتھ خطاب میں نریندر مودی اپنا مکروہ چہرہ نہیں چھپا سکتا، مقبوضہ وادی میں سکول بند، ہر طرف خوف کا ماحول ہے۔
وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نیویارک میں کشمیری رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا مودی کہہ رہا ہے مقبوضہ وادی میں حالات معمول پر ہیں، دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکی جا رہی ہے، جھوٹ بول رہے ہیں، مودی بہت کچھ کہے گا کیونکہ اس کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے آ رہا ہے، اقوام متحدہ کے مبصرین کو کشمیر تک رسائی نہیں دی جا رہی، مقبوضہ وادی سے نوجوان پکڑ کر دور دراز جیلوں میں بند کیے جا رہے ہیں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا بھارتی مندوب سے کہوں گا مقبوضہ وادی سے کرفیو اٹھا لیں، اگر دنیا یہ سمجھتی ہے کہ کشمیر بہت دور ہے اور وہاں کی صورتحال کے اثرات ان پر نہیں پڑیں گے تو یہ ان کی غلط فہمی ہے، اگر خطے کی دو قوتوں کے درمیان کوئی مسئلہ ہوا تو دنیا لاتعلق نہیں رہ سکے گی، بھارت ایک بڑی منڈی ضرور ہے لیکن دنیا اپنے مفادات کا تحفظ کرتے کرتے کوئی بڑا نقصان نہ کر بیٹھے، امید ہے کہ اقوام متحدہ کے مبصر جلد مقبوضہ وادی جائیں گے۔