کندھ کوٹ: (دنیا نیوز) کندھ کوٹ کے قریب ایک گاڑی پر ٹرک الٹنے سے گاڑی میں سوار 4 افراد جاں بحق ہو گئے جن کی لاشیں ہسپتال منتقل کر دی گئیں جبکہ ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا ہے.
کندھ کوٹ کے قریب انڈس ہائی وے رانو سٹاپ کے مقام پر کشمور کی طرف جانے والا بجری سے بھرا ہوا ٹرک پارکو کمپنی کی ڈبل ڈور گاڑی کے اوپر الٹ گیا جس کے نتیجے میں گاڑی سوار 4 افراد جاں بحق ہو گئے، حادثے کی اطلاع پر پولیس اور دیگر امدادی ٹیمیں پہنچ کر گاڑی سے جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشیں باہر نکال کر سول ہسپتال کندھ کوٹ منتقل کر دیا گیا۔
جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت پارکو کمپنی کے ملازم گاڑی کے ڈرائیور محمد ایوب گولو، ثناء اللہ اوگاہی جبکہ شکارپور کے رہائشی غلام رسول شیخ اور غلام سرور کلہوڑو کے نام سے ہوئی ہے۔ دوسری جانب پولیس نے حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے۔