لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ سلیکٹڈ حکومت سے نجات چاہتے ہیں، مولانا فضل الرحمان کے ساتھ جو وعدہ کیا وہ پورا کیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے پنجاب ایگزیکٹو کے اجلاس کے دوران کیا۔ پی پی پنجاب نے محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی برسی کے موقع پر اس بار جلسہ راولپنڈی میں کرنے کی تجویز دی جبکہ بلاول نے 26 دسمبر کو جلسہ راولپنڈی میں کرنے پر مشاورت کیلئے وقت مانگ کیا۔
پیپلز پارٹی کے چیئر مین کا کہنا تھا کہ ہم نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے آزادی مارچ اور جلسے میں بھرپور شرکت کی، آزادی مارچ کا ہر جگہ جیالوں نے استقبال کیا۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہم نے دھرنے میں ساتھ دینے کا وعدہ کیا ہی نہیں تھا، مولانا صاحب سے جو جو وعدہ کیا وہ پورا کیا۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی کمٹمنٹ کا جواب تو وہ خود ہی دینگے۔ میں اپنی پارٹی کا جوابدہ ہوں۔