اسلام آباد: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن آپ اور آپ کے ہم نواء جبری تسلط کی منفی سوچ ترک کریں اور جمہوری رویہ اپنائیں۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ مولانا فضل الرحمن کو رنج ہے کہ ملک میں چند خاندانوں کی بجائے پہلی بار حقیقی عوامی راج کیوں قائم ہوا ؟ آپ کی پریشانی یہ ہے کہ وزیراعظم عمران خان معیشت درست سمت ڈال کر عوام کا روزگار اور کاروبار چلانا چاہتے ہیں۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا مولانا مظلوم ورکروں کو اپنی پارلیمان میں جانے کی خواہش کی بھینٹ نہ چڑھائیں، ان پر رحم کریں، آئین اور جمہوریت کے منافی مطالبے کر کے نظام کو نقصان نہ پہنچائیں، چار سال صبر فرمائیں اور مظلوم کشمیریوں کے لئے آواز بلند کر کے دس سال کشمیر کمیٹی کے بطور چیرمین پروٹوکول لینے کا قرض اتاریں۔