اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے وفد کی جمیعت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمان سے ملاقات، ن لیگ بھی سروسز چیفس توسیع ترمیمی بل پر مولانا کو راضی کرنے پر ناکام ہو گئی۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے وفد نے اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ پر ان سے ملاقات کی۔ ن لیگی وفد میں سردار ایاز صادق، رانا ثنا اللہ، رانا تنویر اور مرتضیٰ جاوید عباسی شامل تھے۔
وفد کی جانب سے مولانا کو سروسز چیفس توسیع ترمیمی بل منانے کی کوشش کی گئی تاہم وہ مخالفت میں ووٹ دینے پر ڈٹے رہے۔ مولانا فضل الرحمان نے لیگی وفد سے تنہا فیصلہ کرنے کا بھی شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ نے اپوزیشن کو اعتماد میں لیے بغیر بل کے حق میں ووٹ دینے کا فیصلہ کیا۔