اسلام آباد: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں نے حب الوطنی کا ثبوت دیا، مخالفین دیکھ لیں ضرورت پڑنے پر جماعتیں اکٹھی ہوگئیں، مفاہمت کے عمل کو تقویت ملنی چاہیے۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردو عاشق اعوان نے تمام جماعتوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا اہم قانون سازی میں سیاسی جماعتوں نے بردباری دکھائی، سیاسی معاملات پر اختلاف رائے رکھنا جمہوریت کا حسن ہے، پیپلزپارٹی نے تمام تجاویز واپس لے کر حب الوطنی کا ثبوت دیا، وقت آگیا ہے ملکی معاملات پر مفاہمت کے عمل کو آگے بڑھائیں۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا وزیراعظم عمران خان عوام کو طاقتور بنائیں گے، 2020 عام آدمی کی مشکلات کے خاتمے کا سال ہے، سیاسی جماعتیں ملکی مفاد کیلئے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑی ہیں، معاشرے میں تناؤ کے خاتمے سے عوام کو فائدہ ہوتا ہے، سیاسی کھینچا تانی کے خاتمے سے بے روزگاری اور مہنگائی ختم ہوتی ہے۔