پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کے 5 اضلاع میں جاری انسداد پولیو مہم معطل کر دی گئی، انسداد پولیو مہم کرونا وائرس خدشات کے باعث معطل کی گئی۔
ایمرجنسی آپریشن سنٹر خیبر پختونخوا کے کوآرڈینیٹر کے مطابق انسداد پولیو مہم آخری دو روز کے لیے معطل کی گئی، 16 مارچ سے شروع ہونے والی 5 روزہ انسداد پولیو مہم میں 13 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر تھا۔ اب تک 11 لاکھ 88 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے، انسداد پولیو مہم چارسدہ، مردان، نوشہرہ، صوابی، مہمند میں چلائی جا رہی تھی۔
ادھر ملک بھر میں کرونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 310 تک جاپہنچی۔ پنجاب میں وائرس سے 33، بلوچستان میں 23، خیبرپختونخوا 19، گلگت بلتستان میں 15، اسلام آباد میں 8 اور آزاد کشمیر میں ایک شخص کرونا سے متاثر ہے۔ سندھ بھر میں مریضوں کی تعداد 211 تک پہنچ گئی، صوبہ میں 41 افراد کو مقامی طور پر وائرس منتقل ہوا۔
صورتحال کے پیش نظر کمشنر کراچی نے وفاق سے ایکسپو سینٹر میں آئسولیشن سینٹر اور فیلڈ ہسپتال بنانے کی درخواست کر دی جس پر وفاقی حکومت نے رضا مندی کا اظہار کیا ہے۔ ایس آئی یو ٹی میں بھی کرونا وائرس کی ٹیسٹ کٹس فراہم کر دی گئی ہیں، آئسولیشن سینٹر بھی بنا دیا گیا۔
پاکستان میں کرونا وائرس نے 2 افراد کی جان لے لی۔ مرنے والے افراد میں ایک کا تعلق مردان اور دوسرے کا ہنگو سے تھا۔ مرادان میں 50 سالہ شخص کو ایک روز قبل میڈیکل کمپلیکس لایا گیا تھا، سعادت خان گزشتہ ہفتے ہی عمرہ کر کے واپس آیا تھا۔
ہلاکت کے بعد مردان انتظامیہ نے منگاہ کے علاقے کو لاک ڈاؤن کر دیا جبکہ علاقے میں آمد ورفت پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی، علاقہ مکینوں کی سکریننگ کے انتظامات مکمل کرلئے گئے۔ جان لیوا وائرس نے ہنگو کے رہائشی 36 سالہ شخص کی جان بھی لے لی، متاثرہ شخص لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور میں زیر علاج تھا۔