لاہور/ کراچی: (دنیا نیوز) صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے لاک ڈاؤن کی پابندیاں مزید سخت کر دی گئی ہیں جبکہ وزیراعلیٰ سندھ نے مکمل لاک ڈاؤن کا عندیہ دیدیا ہے۔
سندھ حکومت نے صوبے بھر جاری لاک ڈاؤن کے پلان میں تبدیلی کا فیصلہ کرتے ہوئے شام 5 بجے سے دکانیں بند کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق صوبے میں اب دکانیں شام 8 کے بجائے شام 5 بجے بند کردی جائیں گی۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے بھر میں مکمل لاک ڈاؤن کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پابندیاں سخت کیے بغیر کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو نہیں روکا جا سکتا۔ انہوں نے سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بغیر وجہ لوگوں کو سڑکوں پر آنے نہیں دیا جائے۔ مقامی کیسز کی بڑھتی ہوئی تعداد تشویش ناک ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بھی بڑا فیصلہ کرتے ہوئے صوبے بھر میں جنرل سٹورز اور کریانہ کی دکانیں رات 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ روزمرہ اشیا کی تمام دکانیں صبح 8 بجے سے رات 8 بجے تک کھلی رہیں گی۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ فیصلے پر ہفتے سے عملدرآمد ہوگا۔ کسی کو خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر گڈز ٹرانسپورٹ کو نقل وحمل کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ مسافر بردار گاڑیوں پر پابندی برقرار رہے گی۔
عثمان بزدار نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں ہاٹ سپاٹ کی چیکنگ کا نظام سخت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے حوالے سے انتہائی حساس علاقوں کی نشاندہی کرکے ایس او پیز پر عملدرآمد جبکہ کورونا کیس والے علاقوں میں نقل وحرکت کو محدود کیا جائے۔
انہوں نے حکام کو ہدایات جاری کیں ہیں کہ آٹے سمیت اشیائے ضروریہ کی دستیابی یقینی بنائی جائے جبکہ غریب افراد کے لئے راشن کا بندوبست کرنے کے حوالے سے انتظامات کو جلد حتمی شکل دی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ انتہائی غریب افراد کے لئے معاشی پیکج تیار کر رہے ہیں۔ وزیر خزانہ کی سربراہی میں قائم کمیٹی ہفتے کو اس ضمن میں بریفنگ دے گی۔
انہوں نے مزید ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں کورونا وائرس کے ٹیسٹ کٹس کی دستیابی جبکہ ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرا میڈیکل سٹاف کے لئے پرسنل پروٹیکشن ایکوپمنٹ کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
ادھر محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری نوٹی فیکیشن میں کہا گیا ہے ہے پٹرول پمپس، ایل پی جی کی دکانیں، میڈیکل سٹورز، آٹا چکیاں اور تندور 8 بجے کے بعد بھی کھلے رہ سکتے ہیں۔
نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ گوشت کی دکانیں، بیکریز، آٹو ورکشاپس، گروسری کی دکانیں، کریانہ سٹورز، ڈیپارٹمنٹل سٹورز، دودھ دہی کی دکانیں صبح 8 سے شام 8 تک کھلی رہیں گی۔