اسلام آباد: (دنیا نیوز) چین کے سفیر یاؤ جنگ کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی بڑھتی ہوئی تعداد کے بعد مشکل وقت میں پاکستان کی وبائی چیلنج سے نمٹنے کیلئے معاونت جاری رکھیں گے۔
ان خیالات کا اظہار چینی سفیر نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کے دوران کیا، ملاقات کے دوران کورونا وباء سے پیدا ہوناے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیر خارجہ نے کورونا چیلنج سے احسن انداز میں نمٹنے پر چین کی حکومت کو مبارکباد دی۔ وزیر خارجہ نے عفریت پر غلبہ حاصل کرنے پر چینی عوام کو بھی مبارکباد دی۔
ملاقات کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لیے سب سے زیادہ خوش آئند بات ہے کہ آج چین میں زندگی معمول کی طرف لوٹ رہی ہے۔
وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ چین میں ادارے اپنا کام کرتے نظر آ رہے ہیں، چین میں ٹرانسپورٹ کا پہیہ حرکت میں آ چکا ہے، آج دنیا چینی ماڈل کی پیروی کرتی دکھائی دے رہی ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اس مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کرنے پر چین کے مشکور ہیں، دوست ملک کی طرف سے فراہم کردہ آلات وبا سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی استعداد کارمیں اضافہ کریں گے۔
ملاقات کے دوران چینی سفیر یاؤ جنگ کا کہنا تھا کہ چین اور پاکستان آئرن برادر (فولادی بھائی) ہیں، اس مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں، اس وبائی چیلنج سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی معاونت جاری رکھیں گے۔