بغیر سوچے سمجھے لاک ڈاؤن کا الزام بے بنیاد ہے: وزیراعلیٰ سندھ

Last Updated On 13 April,2020 02:39 pm

کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ بغیر سوچے سمجھے لاک ڈاؤن کا الزام بے بنیاد ہے، مشورے سے پلان کے تحت آہستہ آہستہ آگے بڑھے، کچھ نہ کرنا سب سے بڑی غلطی ہوتا ہے، موجودہ صورتحال میں اکیلے فیصلے نہیں کرسکتے، وفاق سے مکس سگنل آ رہے ہیں، برا بھلا کہہ لیں لیکن ایک سمت پر چلیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کورونا وائرس ملک ہی نہیں ساری دنیا کا مسئلہ ہے، ہم نے احتیاط کے پیش نظر سکول بند کیے، شاپنگ مالز، پارکس، انٹر سٹی بس سروس بند کی، سب کچھ کرنا اہم تھا، ہم نے مرحلہ وار حکمت عملی بنائی اور اس پر عملدرآمد کرایا، دنیا میں 18 لاکھ سے زائد افراد کورونا سے متاثر ہیں۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا 27 فروری کو ہم نے ٹاسک فورس بنالی تھی، مجھے لوگوں کی زندگیاں اتنی عزیز ہے جتنی اپنی، روزانہ کی بنیاد پر کورونا وائرس کے ٹیسٹ ہو رہے ہیں، 370 افراد اس وقت ہسپتالوں میں ہیں، ایک ہزار 2 افراد گھروں میں آئسولیٹ ہیں، پہلے دن سے سماجی فاصلے رکھنے پر زور دیا جا رہا ہے، مارچ میں وفاق سے ملاقات کی، سب کو سندھ کی صورتحال سے آگاہ کیا، اس وقت دنیا میں 1028 افراد کورونا سے متاثر تھے، اب تعداد بہت زیادہ ہے۔
 

Advertisement