کورونا نے مزید 35 افراد کی جان لے لی، 25 ہزار 837 شہری وائرس سے متاثر

کورونا نے مزید 35 افراد کی جان لے لی، 25 ہزار 837 شہری وائرس سے متاثر

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1764 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں سب سے زیادہ 10033، سندھ میں 9093، خیبر پختونخوا میں 3956، بلوچستان میں 1725، گلگت بلتستان میں 394، اسلام آباد میں 558 جبکہ آزاد کشمیر میں 78 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 2 لاکھ 57 ہزار 247 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 11 ہزار 993 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 7 ہزار 530 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ کئی مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 35 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 594 ہوگئی۔ سندھ میں 171، پنجاب میں 183، خیبر پختونخوا میں 209، گلگت بلتستان میں 3، بلوچستان میں 24 اور اسلام آباد میں 4 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ اب تک 462 ہسپتالوں میں قائم قرنطینہ مراکز مریضوں کا علاج جاری ہے، ان ہسپتالوں میں 7295 بیڈز کا بندوبست کیا گیا ہے۔

 عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ

عالمی ادارہ صحت نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے پاکستان میں 86 فیصد مریض مقامی منتقلی کی وجہ سے وائرس سے متاثر ہوئے۔ رپورٹ میں بتایا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے 24073 مصدقہ متاثرین میں سے 20725 یعنی 86 فیصد مریضوں کو مقامی منتقلی کی وجہ سے وائرس لگا ہے، بقیہ 14 فیصد متاثرین کو بیرون ملک سفر کے دوران وائرس لگا۔

مقامی منتقلی کے سب سے زیادہ متاثرین اسلام آباد میں ہیں جہاں 503 مریض یعنی 96 فیصد کو مقامی سطح پر وائرس لگا ہے۔ پنجاب میں مقامی منتقلی کے مریض 83 فیصد یعنی 7547 مریض ہیں جبکہ سندھ میں 90 فیصد یعنی 7766 مریض مقامی طور پر متاثر ہوئے ہیں۔