لاہور: (دنیا نیوز) حکام کی جانب سے سسٹم کو نارمل کرنے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے، مگر صورتحال جوں کی توں ہے۔ دیہی علاقوں میں ہر گھنٹے کے بعد ایک گھنٹہ لوڈشیڈنگ کی جانے لگی۔
لاہور شہر میں ان دنوں 5 سے 6 گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔ گلشن راوی، راج گڑھ، پرانی انار کلی، علامہ اقبال ٹاؤن، شیر شاہ روڈ، نشیمن اقبال، گڑھی شاہو۔ قلعہ گوجر سنگھ، بادامی باغ اور تاج پورہ سمیت دیگر علاقوں کے مکین اس عذاب سے دوچار ہیں۔
اسکے علاوہ شاہدرہ، کریم پارک، بیگم کوٹ، کوٹ عبدالمالک، امامیہ کالونی، جلو پارک، برکی، ہڈیارہ سمیت دیہی اور سرحدی علاقوں میں ہر گھنٹے کے بعد ایک گھنٹہ بجلی بند کی جا رہی ہے۔
بجلی کی بندش کے باعث شدید گرمی میں شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی اور لیسکو نے سسٹم نارمل ہونے کا دعوی کیا ہے۔ ترجمان این ٹی ڈی سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہمارا سسٹم نارمل ہے۔