اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں علم بغاوت بلند ہو گیا، فاروق عبداللہ سمیت سیاسی جماعتوں نے لاک ڈاون سمیت بھارتی اقدامات کی نفی کر دی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت کےلاک ڈاون کے غیرقانونی اقدام پر چین نے واضح موقف اپناتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کو متنازع علاقہ قرار دیا ہے، بھارت کا موقف پٹ رہا ہے۔ چین نے کہا لداخ پر بھارتی موقف قبول نہیں۔ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کو بھارت کا اندرونی معاملہ تسلیم نہیں کرتی۔
شاہ محمود نے کہا کہ کشمیریوں کو آج بھی مسائل کا سامنا ہے، ہزاروں کشمیری بھارتی قید میں ہیں، مودی سرکار کے اقدامات سے مقبوضہ کشمیر کی معیشت تباہ ہو گئی ہے، لاک ڈاون کے ذریعے بھارت کشمیریوں کو دبا رہا ہے۔ مسئلہ کشمیر کو عالمی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر کے حالات سے عالمی برادری کو خبردار کرتے رہیں گے، بھارت کوئی بھی فالس فلیگ آپریشن کا ناٹک رچا کر پاکستان پر الزام عائد کر سکتا ہے۔