اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے میاں نواز شریف کو واپس لانے کیلئے قانونی ذرائع استعمال کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدالتوں کو مطلوب افراد کو واپس لانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
تفصیل کے مطابق وزیراعظم کے زیر صدارت ایک اہم اجلاس ہوا جس میں حکومتی اور پارٹی ترجمان شریک ہوئے۔ دوران اجلاس پارلیمنٹ میں قانون سازی سے متعلق ترجمانوں کو بریفنگ دی گئی۔
اس کے علاوہ اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال میں اپوزیشن کے بیانیہ سے متعلق حکمت عملی اور نواز شریف کو وطن واپس لانے سے متعلق اقدامات پر بھی مشاورت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ عدالتوں کو مطلوب افراد کو واپس لانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ نواز شریف کو واپس لانے کیلئے قانونی ذرائع استعمال کئے جائیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے نواز شریف کی صحت پر سیاست کی، ہم اپوزیشن کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے۔ اپوزیشن کا فوکس ملکی مفاد نہیں بلکہ شریفوں کے مقدمات سے چھٹکارا حاصل کرنا ہے۔
دوران اجلاس قومی اسمبلی میں فیٹف قوانین کی منظوری کے حوالے سے بھی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے ترجمانوں کو ملکی معاشی صورتحال میں بہتری کو موثر طور پر اجاگر کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ معیشت سے متعلق فیصلوں کے ثمرات آنا شروع ہو گئے ہیں، اب پوری توجہ بہتر معاشی اعشاریوں کے ثمرات عوام تک پہنچانے پر ہے۔