اسلام آباد: (ویب ڈیسک) کربلا میں حضرت امام حسینؓ اوران کے ساتھیوں کی طرف سے دی گئی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے آج ملک بھر میں 9 محرم عقیدت اور احترام سے منایا جارہا ہے۔
کربلا کے شہیدوں کی یاد میں آج ملک کے مختلف حصوں میں تعزیہ اور ذوالجناح کے جلوس نکالے گئے ہیں جو کہ اپنی اپنی منزلوں کی جانب رواں دواں ہیں۔
علما اور زاکرین حضرت امام حسینؓ اوران کے عظیم ساتھیوں کی تعلیمات پرروشنی ڈال رہے ہیں۔
اسلام آباد میں تعزیہ اور ذوالجناح کے مرکزی جلوس مرکزی امام بار گاہ جی سکس ٹو سے نکالے گئے جو کہ روایتی راستوں سے گزرنے کے بعد اسی جگہ واپس اختتام پذیر ہوںگے۔
لاہور میں 9محرم الحرام کا مرکزی جلوس PANDO گلی اسلام پورہ سے نکالا گیا ہے جوکہ خیمہ سعادت سمیت مختلف راستوں سے گزرتا ہوا شام کو اپنے مقام آغاز پر اختتام پرذیر ہوگا ۔
حیدرآباد میں مرکزی جلوس قدم گاہ مولا علی سے برآمد ہو ا جو کہ مختلف راستوں سے گزرتا ہوا شام کو کربلا دادن شاہ میں اختتام پذیر ہوگا ۔
پشاور میں 9محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ حسنیہ ہال صدر روڈ سے نکالا گیا ہے جو کہ اپنی روایتی راستوں پر رواں دواں ہے ۔
کراچی کے مختلف علاقوں سے 9محرم الحرام کے جلوس نکالے گئے ۔شہرکامرکزی جلوس آج سہ پہر نشتر پارک سے نکالا گیا جو کہ اپنے روایتی راستے سے گزررہا ہے یہ جلوس مغرب کے وقت امام بار گاہ ایرانیہ حسینیہ پراختتام پریز ہوگا۔
ماتمی جلوسوں کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کیلئے جامع حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں جبکہ جلوسوں کیلئے خصوصی ٹریفک پلان ترتیب دئیے گئے ہیں۔