اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفرمحمود عباسی نے گوادر اور اورماڑہ میں پاک بحریہ کی تنصیبات کا دورہ کیا۔ انہوں نے گوادر میں میرینز ٹریننگ سینٹر کے نئے سیٹ اپ کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ پاک بحریہ قومی بحری مفادات کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنائے گی۔
امیر البحر ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے گوادر اور اورماڑہ میں پاک بحریہ کی تنصیبات کا دورہ کیا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق، کمانڈر کوسٹ وائس ایڈمرل فیصل رسول لودھی نے گوادر آمد پر نیول چیف کا استقبال کیا، نیول چیف نے گوادر میں میرینز ٹریننگ سینٹر کے نئے سیٹ اپ کا افتتاح کی، میرینز ٹرینگ سینٹر پاکستانی اور دوست ممالک کے میرینز آفیسرز کو بنیادی تربیت اور ایڈوانس کورسز فراہم کرے گا۔
ترجمان پاک بحریہ نے بتایا کہ نیول چیف نے اورماڑہ دورے کے دوران 21ویں ائیر ڈیفنس بٹالین کے نئے انفراسٹرکچر کا بھی افتتاح کیا، پاک بحریہ کا نیا ائیر ڈیفنس سیٹ اپ ساحلی تنصیبات کے فضائی دفاع کو مزید مستحکم کرے گا۔
انہوں نے دورے کے دوران نیول چیف نے کوسٹل ایریا میں تعینات افسران اور جوانوں سے ملاقات کی اور ان کے عزم اور جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک بحریہ قومی بحری مفادات کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنائے گی۔