لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان میں تعلیمی سرگرمیوں کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہوگیا، چھٹی تا آٹھویں سکولز کھل گئے، سکولوں میں بچوں کی حاضری بھرپور نظر آئی، سکولوں میں ایس او پیز پر عملد رآمد بھی نظر آیا۔
لاہور میں بھی کورونا وائرس کے باعث بند سکولز میں تعلیمی سرگرمیاں شروع ہوگئیں۔ سکولوں میں پہلے روز بچوں کی بھرپور حاضری نظر آئی، ایس او پیز پر عملدرآمد کیا گیا۔ پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی ایس او پیز کے تحت چھٹی تا آٹھویں تک کلاسز میں پڑھائی شروع ہوگئی۔
اسلام آباد میں بھی تعلیمی سرگرمیاں بحال ہوگئیں۔ ملک بھر کی طرح خیبر پختونخوا میں بھی چھٹی جماعت سے آٹھویں تک تعلیمی ادارے آج سے دوبارہ کھل گئے، بچے خوشی خوشی سکو ل پہنچے۔
بلوچستان کے تعلیمی اداروں کو حکومت کے جاری کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد لازم قرار دیا گیا۔ سندھ میں چھٹی سے آٹھویں تک کلاسیں 28 ستمبر سے ہی کھلیں گی، وزیر تعلیم سندھ نے کہا بچوں کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرسکتے، ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لیے مختلف اضلاع کے دورے کئے۔