اہم امور پر پاکستان اور ترکی کے موقف میں مماثلت خوش آئند ہے: وزیر خارجہ

اہم امور پر پاکستان اور ترکی کے موقف میں مماثلت خوش آئند ہے: وزیر خارجہ

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اہم علاقائی اور عالمی امور کے حوالے سے پاکستان اور ترکی کے موقف میں مماثلت خوش آئند ہے۔ وزیر خارجہ نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ترکی کی جانب سے مسلسل واضح اور دو ٹوک موقف اپنانے پر ترک وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے پچھترویں اجلاس میں جس طرح ترک صدر رجب طیب اردگان نے نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف آواز اٹھائی ہے۔ اس سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ پاکستان، افغان امن عمل سمیت خطے میں قیام امن کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرنے کیلئے پر عزم ہے۔

ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اولو نے افغانستان میں قیام امن کی کاوشوں سمیت خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔ دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی اور باہمی دلچسپی کے امور پر مشاورتی سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ وزیر خارجہ کی طرف سے ترک ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی گئی۔