اقوام متحدہ کی کشمیر تنازعہ پر زبان بندی قائدانہ کردار پر سوالیہ نشان ہے: سردار مسعود خان

Published On 28 October,2020 06:26 pm

مظفر آباد: (دنیا نیوز) صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے کشمیر کے تنازعہ پر زبان بندی کر کے سفارتکاری کے میدان میں اپنے عالمی قائدانہ کردار کے لئے کئی سوالیہ نشان کھڑے کر دیئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تنازعہ کشمیر کی سنگینی اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کے باوجود اس عالمی ادارے نے مبہم بیانات دینے کے سوا کچھ نہیں کیا ہے۔ مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری قتل وغارت گری، نسل کشی اور انسانیت کے خلاف کھلے عام جرائم پر سلامتی کونسل اپنی خاموشی توڑ کر اس تاثر کو ختم کرے کہ وہ ظالم اور مظلوم کی اس معرکہ آرائی میں ظالم کے ساتھ نہیں کھڑی ہے۔

سردار مسعود خان نے یوم سیاہ کے حوالے سے ویبینار اور ویڈیو کانفرنسز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طاقتور ممالک کے سٹرٹیجک اور معاشی مفادات کی وجہ سے مقبوضہ کشمیر میں جنگی اور انسانیت کے خلاف جرائم کے باوجود بھارت کو جوابدہ نہ ٹھہرانا عالمی نظام کی ناکامی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں کشمیر کی تحریک آزادی کو شہری آزادیوں کی بین الاقوامی تحریک میں تبدیل کرنے کے علاوہ بھارت کے خلاف معاشی و اقتصادی پابندیوں کی تحریک شروع کرنا ہو گی کیونکہ صرف اسی صورت میں ہم اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری کو بولنے اور بھارت کو انسانی حقوق اور کشمیریوں کے بنیادی حق، حق خودارادیت کا احترام کرنے پر مجبور کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کو کثیر الجہتی سفارتکاری کے ذریعے حل کرنے کے لئے ضروری ہے کہ ہم دنیا کی پارلیمانی قوتوں، عالمی سول سوسائٹی اور میڈیا کو متحرک کر کے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی جائز و منصفانہ جدوجہد کے لئے حمایت حاصل کریں۔

صدر آزاد کشمیر کا بھارت کے خلاف یوم سیاہ منانے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ 27 اکتوبر1947ء کے دن بھارت نے کشمیریوں کی منشا اور مرضی کے خلاف ریاست جموں وکشمیر کے ایک بڑے حصے پر فوج کشی کر کے قبضہ کر لیا تھا جسے کشمیریوں نے سات دہائیاں گزرنے کے باوجود آج تک تسلیم نہیں کیا اور وہ ہر سال اس دن کو یوم سیاہ منا کر بھارت کے فوجی قبضہ کے خلاف اپنی نفرت اور غم و غصے کا اظہار کرتے ہیں اور دنیا کو کشمیر کے حل طلب مسئلہ کی طرف متوجہ کرتے ہیں۔
 

Advertisement