تربت: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ماضی کے وزیراعظم نے بلوچستان کے مقابلے میں لندن اور صدر نے دبئی کے زیادہ دورے کیے، مقامی سیاستدان بھی حالات سے فائدہ اٹھاتے رہے، تحریک انصاف نے صوبے پر سب سے زیادہ توجہ دی، محرومیوں کا ازالہ کرکے عوام کا معیار زندگی بلند کریں گے۔
وزیراعظم عمران خان کا تربت میں عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ تحریک انصاف کو حکومت ملی تو پاکستان پر سب سے زیادہ قرض اور خسارہ تھا۔ پاکستان کے معاشی حالات بہت برے تھے۔ ہم ملک کو سدھارنے کی کوششوں میں تھے، ملکی معاشی حالات بہتری کی جانب گامزن تھے کہ اس کے بعد دنیا بھر میں کورونا وائرس کا عذاب آ گیا۔ تاہم ہماری پالیسیاں کامیاب ہوئیں۔ ہماری معیشت اٹھ رہی ہیں ہم نے اپنے خسارے کم کیے ہیں۔ ہماری سٹاک مارکیٹ ایشیا میں سب سے بہتر ہے۔ موٹر سائیکل اور گاڑیوں کی سیل شروع ہو چکی ہے جبکہ سیمنٹ ریکارڈ سیل ہو رہا ہے۔
اس سے قبل مختلف منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں، جن قوموں نے انسانی وسائل پر خرچ کیا انہوں نے ہی ترقی کی۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم کی وجہ سے انسان نے عظمت حاصل کی، ریاست مدینہ میں انسانیت اور قانون کی حکمرانی اہم اصول تھے، ریاست مدینہ میں تعلیم کا حصول بھی بہت اہمیت رکھتا تھا، تعلیم کی وجہ سے ہی ایک وقت وہ بھی تھا جب دنیا کے سب سے بڑے سائنسدان مسلمان ہوتے تھے لیکن ہم تعلیم کے شعبے میں پیچھے رہ گئے ہیں اور ہمارے بہت سے علاقے ترقی میں پیچھے ہیں، اب ہم ان علاقوں کی ترقی پر توجہ دے رہے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کہ تحریک انصاف کی حکومت نے بلوچستان کی ترقی کے لئے جتنے فنڈز فراہم کئے ہیں، اتنے پیسے پہلے کبھی نہیں دیئے گئے، نوجوان ملک کا مستقبل ہیں اور نوجوانوں نے ہی بلوچستان کو ترقی دینی ہے، اس سلسلے میں ہم وزیر اعلیٰ پنجاب کے ساتھ مل کر نوجوانوں اور بالخصوص تعلیم کی ترقی کے لئے اقدامات کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ترقی نے دنیا میں انقلاب برپا کر دیا ہے، کورونا صورتحال میں آن لائن ایجوکیشن سسٹم کو ترویج ملی۔ اب جدید ٹیکنالوجی کا دور ہے جس کے ذریعے دور دراز علاقوں میں بھی تعلیم دی جا سکتی ہے، اس مقصد کے لئے ہم بھرپور سرمایہ کاری کریں گے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ پنجاب بلوچستان کی ترقی کے لئے سرمایہ کاری کر رہی ہے، پنجاب حکومت کی جانب سے بلوچستان کے طلبہ کے لئے وظائف میں اضافہ خوش آئند ہے۔ پنجاب حکومت بلوچستان کے 360 طلبا کو اعلیٰ تعلیم کے لئے وظائف دے گی، اس کے لئے پنجاب کے وزیراعلیٰ داد کے مستحق ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ پاکستان ایک مضبوط وفاق بنے، بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے اور اس سے ہم سب متحد ہوں گے، وفاق کی مضبوطی کے لئے تمام اکائیوں میں یکساں ترقی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پسماندہ علاقوں میں یکساں ترقی چاہتے ہیں، تعلیم اور صحت کے شعبوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کامیابی کےلئے محنت کرنا ہوتی ہے، زندگی میں کوئی شارکٹ کٹ نہیں ہوتا، انسان ہر مشکل وقت سے سیکھتا ہے اور اپنی غلطیوں کی اصلاح کر کے ہی آگے بڑھتا ہے، برے وقت اور ناکامیوں سے نہیں گھبرانا چاہیے اور چیلنجز سے سیکھنا چاہیے، بلوچستان میں مستقبل کی قیادت کے لئے تعلیم یافتہ افراد کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں نوجوانوں کو آگے آنا چاہیے۔