گلگت: (دنیا نیوز) گلگت بلتستان میں الیکشن کی گہما گہمی اپنے عروج پر پہنچ گئی ہے۔ ہر جماعت کی جانب سے عوام کو لبھانے کی سر توڑ کوششیں کی جا رہی ہیں۔ انتخابات کے پیش نظر حکومت نے علاقے بھر میں 14 سے 16 نومبر تک عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔
خیال رہے کہ الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کی جانب سے چیف سیکرٹری کو ایک خط ارسال کیا گیا تھا جس میں انہوں نے تجویز پیش کی تھی کہ 15 نومبر 2020ء بروز اتوار کو گلگت بلتستان میں الیکشن کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ پولنگ کے روز گلگت کی عوام اپنے اپنے حلقوں میں اپنے امیدوار کیلئے ووٹ کاسٹ کریں گے۔
چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے کہا گیا تھا کہ اس تناظر میں شہری اپنے علاقوں میں پہنچیں گے تاکہ وہ اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں۔ اس لئے سرکاری ملازمین کیلئے ناممکن ہے کہ وہ الیکشن کے روز ووٹ کاسٹ کرکے واپس اپنی ڈیوٹی پر پہنچ سکیں۔ اس لئے صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے پورے گلگت بلتستان میں ہفتہ 14 نومبر سے پیر 16 نومبر تک عام تعطیل دی جائے۔
اس تجویز کی روشنی میں گلگت بلتستان کے چیف سیکرٹری کیپٹن ریٹائرڈ محمد خرم آغا نے پورے علاقے میں 14 نومبر سے 16 نومبر تک عام تعطیل کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔