کشمیریوں پرظلم،مجاہدین کابھرپور جواب،4 بھارتی فوجی جہنم واصل،آئی ایس پی آر

Published On 13 November,2020 08:06 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) مقبوضہ کشمیرمیں مجاہدین نے جھڑپ کے دوران چار بھارتی فوجیوں کوجہنم واصل کر دیا جبکہ ہزیمت مٹانے کے لیے بھارتی فوج نے ایل او سی پر فائرنگ کر دی جس کی زد میں آ کر چار شہریوں سمیت پاک فوج کا ایک جوان شہید ہو گیا۔ پانچ جوان زخمی ہوئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی مجاہدین کے ساتھ جھڑپ ہوئی، یہ جھڑپ نیلم ویلی کے دوسری طرف مقبوضہ جموں و کشمیر کے علاقے میں ہوئی۔ یہ جھڑپ سات نومبر کی رات ہوئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق واقعے میں چار بھارتی جوان ہلاک ہوئے، بھارتی فوج کو اپنی عوام کے سامنے شدید ہزیمت اٹھانی پڑی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بجائے اپنی طرف دیکھنے کے اور مسئلہ حل کرنے کے بھارتی فوج نے 13 نومبر کو لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ شروع کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت دہشت گردی کو بطور ریاستی پالیسی کے استعمال سے باز رہے، دفتر خارجہ

آئی ایس پی آر کے مطابق دشمن کی طرف سے بلااشتعال فائرنگ میں توپخانہ اور بھاری ہتھیار استعمال کئے گئے۔ ٹارگٹ ایریاز میں لائن آف کنٹرول کے کئی سیکٹرز شامل ہیں۔ دانستہ بلااشتعال فائرنگ میں بھارتی فوج انسانی حقوق عالمی معاہدوں کو بھی بھول گئی۔ بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے چار سویلین شہید اور بارہ زخمی ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے بھارتی پوسٹوں کو نشانہ بنایا اور انتہائی موثر جواب دیا۔ پاک فوج کی جانب سے جوابی کاروائی میں بھارتی فوج کو جانی مالی نقصان اٹھانا پڑا۔ اس نقصان کو بھارتی میڈیا نے خود تسلیم کیا ہے۔ اس بہادرانہ کارروائی میں پاک فوج کا ایک جوان شہید جبکہ پانچ زخمی ہوئے۔ 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور پاک فوج اسی اصول پر عمل کرتی ہے، اپنے مادروطن اور کشمیری بھائیوں کا خون کے آخری قطرے تک دفاع کرینگے۔

Advertisement