اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دورہ افغانستان قیام امن کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ تھا۔ افغانستان میں امن بات چیت کے ذریعے ہی ممکن ہوگا۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کبھی کسی تنازعے کیلئے فوجی حل پر یقین نہیں کیا۔ افغان عوام کے بعد پاکستان کو امن کا سب سے زیادہ فائدہ ہوگا۔ امن کی بحالی اور تجارت سے دونوں ممالک کے عوام خوشحال ہوں گے۔
وزیراعظم نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ کابل کا میرا دورہ افغانستان میں امن کے حوالے سے پاکستان کے عزمِ کے اظہار کی جانب ایک اور قدم ہے۔ میں کبھی بھی تنازعات کے عسکری حل کا قائل نہیں رہا، چنانچہ ہمیشہ سے میرا ایمان رہا ہے کہ افغانستان میں امن سیاسی گفت وشنید ہی سے حاصل ہوگا۔
اہل افغانستان کےبعد اس امن میں سب سے بڑا حصہ ہمارا ہےکیونکہ اس سے باہمی روابط و تجارت کے دروازے کھلیں گے اور خوشحالی دونوں ممالک (افغانستان و پاکستان) کا رخ کرے گی۔ امن و تجارت کے ثمرات بطور خاص ہمارے قبائلی عوام تک پہنچیں گے جنہوں نے افغان جنگ کی تباہ کاریوں کا بارِگراں اٹھایا۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) November 20, 2020
ان کا کہنا تھا کہ اہل افغانستان کے بعد اس امن میں سب سے بڑا حصہ ہمارا ہے کیونکہ اس سے باہمی روابط وتجارت کے دروازے کھلیں گے اور خوشحالی دونوں ممالک کا رخ کرے گی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امن وتجارت کے ثمرات بطور خاص ہمارے قبائلی عوام تک پہنچیں گے جنہوں نے افغان جنگ کی تباہ کاریوں کا بارِ گراں اٹھایا۔