کوئٹہ: (روزنامہ دنیا) چیف آف سراوان سابق وزیراعلیٰ بلوچستان رکن صوبائی اسمبلی نواب محمد اسلم رئیسانی نے پی ڈی ایم کے اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے بلوچستان اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا ہے۔
منگل کی رات خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اسلم رئیسانی نے کہا کہ سویلین بالا دستی کی جو بھی تحریک چلے گی، اس کا ساتھ دیں گے۔ انہوں نے کہا ہم سیاسی فیصلوں میں دوستوں کی مشاورت کے پابند ہیں جو ہر حالات میں ہمارے ساتھ کھڑے رہے۔
یہ بھی پڑھیں: نواب اسلم رئیسانی کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا امکان
خیال رہے کہ سابق وزیراعلیٰ بلوچستان اسلم رئیسانی کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اور پارٹی کا صوبائی صدر بنائے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا تھا تاہم انہوں نے اپنے بیان میں اس کی تردید کر دی تھی۔
خبریں تھیں کہ سابق صوبائی صدر سینیٹر سردار یعقوب خان ناصر اور دیگر لیگی رہنماﺅں نے نواب اسلم رئیسانی کے نام کی تائید کر دی تھی۔ کہا جا رہا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف، نواب اسلم رئیسانی کو پارٹی میں شامل کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔